سیاحت کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دے کر ملکی آمدن بڑھائیں گے

 

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر سیاحت اور چئیرمین پی ایچ ایزآصف محمود کی ترجمان پنجاب حکومت عامر مغل سے گفتگو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ پنجاب سیاحوں ، باغوں اور پھولوں کی جنت بننے جا رہا ہے۔ اس سے پہلے پنجاب کے وسائل عوام پر خرچ کرنے کی بجائے ٹھیلوں اور رکشے والوں کے جعلی اکاونٹس سے ٹی ٹیوں کے ذریعے شریف فیملی کی جیبوں میں جاتے رہے جس کی وجہ سے پنجاب کے سیاحتی اور تاریخی مقامات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے سیاحت و چئیرمین پی ایچ ایز آصف محمود نے اپنے دفتر میں ترجمان پنجاب حکومت عامر مغل سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔
مشیر برائے سیاحت آصف محمود نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی خصوصی توجہ پنجاب میں سیاحت اور پی ایچ ایزکی ترقی پر مرکوز ہے جس کے مطابق سیاحت کیلئے آن لائن بکنگ کے اجرا کے ساتھ ساتھ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب بھر میں ہرن مینار، شالیمار باغ ، ہڑپہ کے 5ہزار سالہ قدیمی کھنڈرات، نڑھ آبشار، پنج پیر راکس ( چٹانوں ) مقبرہ جہانگیر، نور جہاں سمیت 12 تاریخی مقامات کو مرمت کے بعد بحال کیا جا رہا ہے تا کہ دنیا ان تاریخی، قدیمی اور سیاحتی مقامات سے روشناس ہو سکے۔ اس کے علاوہ لاہور میں ٹوورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی کالج کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ تا کہ تربیت یافتہ افرادی قوت میسر آ سکے۔ اس کے علاوہ اولیائے کرام کی زیارات کے مقامات پر پی ایج ایز کے ذریعے شجرکاری اور زائرین کی سہولت کیلئے خصوصی ٹرانسپورٹ کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے شہباز شریف نے اپنے دس سالہ دور میں سیاحت پر کوئی توجہ نہیں دی اور پنجاب کے واحدسیاحتی مقام مری کو بھی عوام کیلئے مصیبت بنا دیا ۔ جو سیاح مری کارخ کرتا ہے وہ ٹریفک سمیت بے شمار مسائل کا سامنا کرتا ہے۔ اگر شریف فیملی پنجاب سے اربوں کھربوں لوٹ کر مری میں اربوں روپے کے محلات کی بجائے یہی پیسہ مری کی ترقی پر لگا دیتی تو آج مری کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔
بزدار حکومت نے دو مالی سالوں میں پنجاب میں سیاحت کیلئے 1900 ملین روپے مختص کئیے ہیں*دنیا بھر میں سیاحت کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دے کر اس کے ذریعے ملکی آمدن کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک کا مثبت چہرہ روشناس کروایا جاتا ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے اس طرف شریف دور میں کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ بزدار حکومت مری پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اور مری کی ترقی کے علاوہ مری سے ملحقہ علاقوں کو اس میں شامل کر کے سیاحتی علاقے کو بڑھایا جا رہا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت عامر مغل نے اس موقعہ پر کہا کہ شریف دور حکومت میں صرف اور صرف پنجاب کی عوام کو لوٹ کر اپنے محلات، جائیدادیں اور جاگیریں بنائی گئیں اور پنجاب جیسے زرعی صوبے کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ لیکن اب پنجاب میں عمران خان کے ویژن اور سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ، سیاحتی مقامات اور باغات کا جال بچھانے کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے