سی پیک اسپیشل اکنامک زونز پر کام میں تیزی لائی جائے،راولپنڈی چیمبر کا حکومت سے مطالبہ

 

راولپنڈی :راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سی پیک اسپیشل اکنامک زونز پر کام میں تیزی لائی جائے صدرچیمبر صبور ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صنعتی پارکوں کو مقامی دستیاب وسائل سے مل کر تیار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبا نے ملکی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ تاہم، حکومت پاکستان کی جانب سے تعمیراتی منصوبے کے اعلان کردہ پیکج کو مدنظر رکھتے ہوئے، خصوصی زونز پر کام تیز کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاںشروع ہو سکیں۔صبور ملک نے کہا کہ کرونا وبا میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اس وقت ایک اہم چیلنج ہے اس پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ نجی شعبے کو مزید مراعات اور مواقع دیئے جائیں انہوں نے کہا کہ اقتصادی زونز پاکستان کو اپنی جی ڈی پی، غربت کے خاتمے اور بے روزگاری کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرسکتے ہیںانہوں نے کہا کہ سی پیک بلاشبہ ایک اہم میگا پروجیکٹ ہے جس کی کامیابی سے ملک اور خطے میں معاشی انقلاب آئے گاانہوں نے مزید کہا کہ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین مشترکہ منصوبے سے اعتماد سازی اور مقامی ملکیت میں اضافہ ہو گا۔