13سالہ بچی سے ریپ کا الزام، عدالت نے ‘آسکر’ کی رکنیت بحال کرانے کی رومن پولانسکی کی درخواست مستردد کردی


امریکی عدالت نے ایوارڈ یافتہ فلم ساز 87 سالہ رومن پولانسکی کی معطل ‘آسکر’ رکنیت بحال کروانے کے حوالے سے دائر کردہ درخواست مسترد کردی ہے۔
13 سالہ بچی سے ریپ کے الزام میں آسکر’ ایوارڈ دینے والی اکیڈمی نے رومن پولانسکی کی مئی 2018 میں رکنیت ختم کردی تھی۔ رومن پولانسکی پر نابالغ لڑکی کے ریپ سمیت متعدد اداکاراں اور خواتین کے جنسی استحصال اور ریپ کے الزامات بھی ہیں۔
پولانسکی نے اپریل 2019 میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی سپریم کورٹ میں ‘آسکر’ اکیڈمی کی جانب سے ‘ریپ’ الزامات کی وجہ سے رکنیت ختم کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔اکیڈمی نے 87 سالہ فلم ڈائریکٹر کی رکنیت 1977 میں ایک 13 سالہ کمسن لڑکی کا ریپ کرنے کے الزام میں ختم کی تھی۔
رومن پولانسکی کو اسی کیس میں 40 سال قبل یعنی 1977 میں ہی 42 دن جیل قید کی سزا ہوچکی ہے تاہم آسکر اکیڈمی نے پھر بھی پرانے الزام کے تحت ان کی آسکر رکنیت ختم کی تھی۔
رومن پولانسکی کی رکنیت ایک ایسے وقت میں ختم کی گئی تھی جب کہ اکیڈمی نے ریپ الزامات کی وجہ سے فلم ساز ہاروی وائنسٹن سمیت دیگر فلم سازوں کی رکنیت بھی ختم اور معطل کردی تھی۔
رومن پولانسکی نے اپنی رکنیت ختم کرنے کے خلاف برہمی کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اکیڈمی کے خلاف امریکی عدالت سے رجوع کیا تھا مگر عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔ لاس اینجلس کی سپریم کورٹ نے رومن پولانسکی کی درخوست مسترد کرتے ہوئے آسکر اکیڈمی کے حق میں فیصلہ سنایا۔

رپورٹ کے مطابق سماعت کرنے والی خاتون جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آسکر اکیڈمی کو فلم ساز کی رکنیت ختم کرنے کا مکمل اختیار ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ چوں کہ آسکر اکیڈمی نے فلم ساز کو اپنی صفائی میں ثبوت اور دلیل پیش کرنے کی مہلت دی اور انہیں متعدد نوٹس جاری کیے گئے اور فلم ساز نے اس ضمن میں اپنے وکیل کے ذریعے طویل ویڈیو سمیت دیگر شواہد بھی جمع کرائے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ رومن پولانسکی کو اپنی صفائی کے لیے شفاف طریقہ کار بھی فراہم کیا گیا، جس کے بعد ہی اکیڈمی نے ان کی رکنیت ختم کی اور اکیڈمی کو ایسا قدم اٹھانے کا مکمل اختیار ہے۔
رومن پولانسکی نے 2003 کی اپنی فلم (دی پیانسٹ) پر بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیتا تھا، اس کے علاوہ بھی انہوں نے متعدد ایوارڈز جیت رکھے ہیں۔
رومن پولانسکی کا شمار ہولی وڈ کے معروف ترین فلم سازوں میں ہوتا ہے، انہوں نے کیریئر کے ابتدائی سال امریکا میں ہی گزارے اور بعد ازاں فرانس منتقل ہوگئے۔