اسلام آباد:وفاقی حکومت نے دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کوالیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیاہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے دہری شہریت کیحامل پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے سے متعلق بل منظور کرلیا۔
اجلاس میں آرٹیکل 63 ون سی تبدیل کرنے کے لیے آئینی ترمیمی بل کی منظوری دی گئی ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آئینی ترمیمی بل وزارت پارلیمانی امور کو ارسال کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی قانونی کیسز نے دہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی مخالفت کی تھی تاہم وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانونی کیسز کا فیصلہ رد کرتے ہوئے ترمیمی بل کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بعض وزرا نے بھی دہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی مخالفت کی۔تاہم ذرائع کے مطابق ترمیمی بل کے تحت دہری شہریت کے حامل افراد کو حلف اٹھانے سے قبل غیر ملکی شہریت ترک کرنا ہوگی۔


