ان تمام دوستوں کا خصوصی شکریہ جو میرے لیے پریشان تھے، بازیاب ہونے کے بعد ایس ای سی پی افسر ساجد گوندل کا پہلا بیان

اسلام آباد:لاپتہ ہونے والے ایس ای سی پی کے افسر اور سابق صحافی ساجد گوندل گھر واپس پہنچ گئے ہیں ۔منگل کو رات گئے انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں واپس آگیا ہوں اور خیریت سے ہوں، ان تمام دوستوں کا خصوصی شکریہ جو میرے لیے پریشان تھے، بازیاب ہونے کے بعد ساجد گوندل کا یہ پہلا بیان سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اغوا کیے جانے والے افسر ساجد گوندل کو منگل کی شب اغوا کاروں نے رہا کر دیا۔
ساجد گوندل تین ستمبر جمعرات کی شام سے لاپتہ تھے۔اسلام آباد پولیس کو ان کی سرکاری گاڑی جمعہ کی صبح وفاقی دارالحکومت کے علاقے شہزاد ٹائون میں واقع زرعی تحتقیقاتی مرکز کے باہر سے ملی تھی۔ اس تمام معاملے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ساجد گوندل کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ جبکہ منگل کے روز وزیراعظم عمران خان نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے افسر کے مبینہ اغوا کی تحقیقات کے لیے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں 3 رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی ساجد گوندل کے اغوا پر تحقیقات کر کے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ جبکہ گزشتہ روز چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن جاوید اقبال نے بھی ساجد گوندل کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیا تھا۔



