میاں طارق جاوید نے شوکت خانم ہسپتال کے نام پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے

شکایت کرنے پر میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانا شروع کر دی ، زنیشن خان کا الزام

اسلام آباد:اسلام آباد کی رہائشی خاتون زنیش خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈنمارک میں مقیم پاکستانی نژادڈچ شہری میاں طارق جاوید نے شوکت خانم ہسپتال کے نام پر جعلی بینک اکانٹ کھلوا کر کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے جس کی درخواست نیب میں دائر کر دی ہے جبکہ کیس دائر کرنے کی پاداش میں میاں جاوید سمیت چھ رکنی گینگ نے ان کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم اور دھمکیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے زنیش خان کا کہنا تھا کہ ڈنمارک میں مقیم میاں طارق جاوید نامی شخص جو پہلے پی ٹی آئی کا وہاں عہدیدار تھا نے وہاں پر پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کے نام سے ایک تنظیم بنا رکھی ہے اس نے 2014 میں وہاں پر شوکت خانم کے نام پر اپنے بھائی میاں عابد کی ملی بھگت سے بینک اکانٹ کھلوا کرچار برس تک فنڈ اکٹھے کرتا رہا اور وہ فنڈز شوکت خانم ہسپتال کے اکانٹ میں ٹرانسفر کرنے کی بجائے انہیں اپنی جائیداد اور گاڑیاں خریدنے پر خرچ کرتا رہا جس کی شکایت درج کروانے پر پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے اسے پارٹی سے نکال دیا گیا۔زنیش خان نے مزید بتایا کہ ان کیخلاف مختلف فورمز پر درخواستیں دیں مگر ملزم بااثر ہونے کی وجہ سے کہیں بھی شنوائی نہ ہو سکی بلکہ الٹا ہمیں ہی موردوالزام ٹھہرایا گیا۔ ملزم نے میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانا شروع کر دی اور میری اور میری فیملی کی ذاتی تصاویر فیس بک سے اٹھا کر انتہائی غلیظ اور شرمناک طریقے سے پوسٹر بنا کر وائرل کرنا شروع کردیں اور ساتھ ساتھ دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا کہ میرے خلاف بولنا بند کر دو اور میرے خلاف تمام کیسز واپس لے لو ورنہ تمہیں اورتمہارے سارے خاندان کو عبرت کا نشان بنادونگا جس پر میں نے اس کیخلاف ایف آئی اے میں درخواست دی مگر اس پر ابھی پر کوئی پرچہ درج نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیشن کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میاں طارق جاوید کے ایما پر تیس سے پینتیس وکلا پر مشتمل جتھے نے سرعام ان پر تشدد کیا اور انکے کپڑے پھاڑ دیئے جبکہ پولیس نے موقع پر ہونے کے باجود انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی۔گورنر پنجاب کو دی گئی میری درخواست پر گورنر ہاس سے انکوائری کا آرڈر کیا گیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے میاں طارق جاوید کیخلاف حکم آ چکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ کرپشن سے پاک پاکستان انکی پارٹی کا نعرہ ہے مگر انکی اپنی پارٹی اور شوکت خانم کے نام پر مالی کرپشن کی نشاندہی پر ایک نہتی خاتون کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے وزیراعظم اس جانب بھی توجہ دیں اور ہمیں انصاف فراہم کریں۔