تنخواہوں میں عدم اضافہ،پنشن اور سالانہ انکریمنٹ خاتمے کے خلاف ملک بھر کی مزدور تنظیمیں چھ اکتوبر کواسلام آباد میں احتجاج کریں گی

 

ملازمین کے مسائل کے حل کے سلسلے میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس تشکیل دے دیا ہے چھ اکتوبر کو بھرپور قوت کا مظاہرہ کریں گے، چودھری یاسین و دیگر

اسلام آباد:سی ڈی اے مزدور یونین ملحقہ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام اسلام آباد /راولپنڈی کی تمام ٹریڈ یونینز /ایسوسی ایشنز کا مشترکہ اجلاس نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں اسلام آباد /راولپنڈی کی تمام ٹریڈ یونینز /ایسوسی ایشنزکے نمائندگان /عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اجلاس کی صدارت سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یسین نے کی۔دیگر مزدور رہنمائوں میں رانا اقبال نون صدر ایپکا،سلطان مجددی چیئرمین آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب(AGEGA)،فضل غفارباچہ مرکزی صدرایپکا،اسلام الدین چیئرمین (AGEGA)،رانا لیاقت جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین،شوکت علی انجم نیشنل کوآرڈینیٹرپاکستان ورکرز فیڈریشن،ڈاکٹرامتیاز عباسی صدر پنجاب ٹیچرز یونین،اورنگزیب خان صدر سی ڈی اے مزدور یونین،پروفیسر ندیم اشرفی صوبائی جنرل سیکرٹری (AGEGA)پنجاب سمیت پاکستان سپورٹس بورڈ،اوجی ڈی سی ایل،اسٹیٹ بنک ڈیموکریٹک ورکر یونین،اسلام آباد ٹیچرز یونین،اے جی پی آر یونین،اٹک آئل ریفائنری ورکریونین کے عہدیداران شامل تھے،اجلاس میں تمام ٹریڈ یونینز /ایسوسی ایشنز نے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے مطالبات ملازمین کی تنخواہوں میں عدم اضافہ،پنشن اور سالانہ انکریمنٹ کے خاتمے سمیت ملازمین کے دیگر مسائل حل نہ ہونے پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے 06اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے فیصلے کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یسین،AGEGAکے فضل غفار باچہ،اسلام الدین،رانا لیاقت نون،شوکت علی انجم،سلطان مجدددی نے کہا کہ ہم راولپنڈی /اسلام آباد کی تمام ٹریڈ یونینز اور ایسوسی ایشنز کی جانب سے مکمل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل حل نہ ہونے پر ان میں سخت تشویش پائی جاتی ہے اور اس جمہوری دور میں ملازمین کا معاشی قتل ہو رہا ہے اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں،ہم نے ان ملازمین کے مسائل کے حل کے سلسلے میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس تشکیل دیا ہے،ہم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے مطالبات پیش کیے اور صوبائی سطح پر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا لیکن وفاقی و صوبائی حکومتوںاورمتعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی اور مزدور دشمن پالیسیوں کی وجہ سے مسائل تاحال حل نہ ہو سکے،انھوں نے کہا کہ پوری قیادت نے مل کر 06اکتوبر 2020کو نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے اور انشا اللہ ہم متحد ہو کر تاریخی احتجاج کریں گے،انھوں نے اس موقع پر وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور ملازمین کے مطالبات کے حوالے سے نمائندہ مزدور رہنمائوں سے مذاکرات کریں اور ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی ختم کی جائے بصورت دیگر ہم اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے اور مسائل حل نہ ہونے تک دھرنا دیں گے۔