
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ تحریک آزادی اور مسئلہ کشمیر پر کوئی آنچ آئے بغیر گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق کی فراہمی اور ان کے مطالبات کا احترام کرتے ہیں ،آزادکشمیر کی حکومت تحریک آزادی کو اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس اقدام نہیں کرسکی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نون لیگ کی نااہل اور بدعنوان حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور لوگ تبدیلی کے لیے بڑی تعداد میں تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت تحریک آزادی کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بھی ٹھوس اقدام نہیں کرسکی۔ راجہ فاروق حیدر قومی سطح پر کشمیر کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے کے بجائے سیاسی محاذ آرائی کا حصہ کا بن چکے ہیں۔ ان کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے نہ صرف آزادکشمیر میں مایوسی اور بے چینی پیدا کی بلکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی کنفوژن پھیلایا۔ وہ بتائیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے الیکشن میں تحریک انصاف کی بھرپور انتخابی مہم اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گورننگ باڈی نے گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی اور سیاسی حقوق کے مطالبات کو جائز قراردیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے قانونی پہلوں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی وعدوں کا پاس رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے مناسب انتظامی اور آئینی اقدمات اٹھائے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس کے شرکا نے حال ہی میں نبی آخرالزمان ۖ کے خلاف گستاخانہ خاکے بنانے والے دفتر کے باہر ہوئے حملے پر فرانسی صدر ایمانوئل میکرون کی طرف سے اسلام کو دہشت گرد مذہب کے روپ میں روشناس کرانے کی کوششوں پرشدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر کہا کہ مسلمان رسول اللہ ۖ کی شان میں کوئی بھی گستاخی برداشت نہیں کرسکتے اور خبردار کرتے ہیں کہ ڈیڑھ ارب انسانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو ان کے جذبات کو مجروع کرتے ہیں۔مسلمان ناصرف اپنی بلکہ دیگر مذاہب کی اقدار کا بھی احترام کرتے ہیں۔ ہماری اقدار کو مسلسل نشانہ نہ بنایا جائے۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بروقت توہین آمیز خاکوں اور بیانات کے خلاف مہم کی قیادت کی۔گورننگ باڈی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کررہاہے۔ آبادی کا تناسب بگاڑ رہاہے اور میڈیا کا گلا گھونٹ رہا ہے۔ گورننگ باڈی نے کشمیر ٹائمز جموں کی جبری بندش اور اس کے دفتر پر تالہ بندی کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو بھارت کے اس طرز عمل کا نوٹس لینا چاہیے۔ شرکا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے اور کشمیریوں کے حق خودارایت کے انعقاد کے لیے اقوام متحدہ بھارت کو مجبور کرے۔ انہوں نے پی ٹی آئی نیشنل سیکورٹی کے مشیر معید یوسف کی طرف سے کشمیریوں کو پرنسپل پارٹی کے طور پر مذاکرات میں شامل کرنے کے حکومت پاکستان کے اعلان کا خیر مقدم کیا ۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم عمران خان کی کشمیر پالیسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس قدر جرآت اور تسلسل کے ساتھ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھارہے ہیں اس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے آزادکشمیر کے شہریوں کو انصاف صحت کارڈ جاری کرنے اور لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے لیے ساڑھے تین ارب روپے گرانٹ کی فراہمی کا خیرمقدم کیا اور نون لیگی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ وفاق کے ان منصوبوں پر اپنی تختیاں لگانے اور سیاست چمکانے سے گریز کرے۔بیرسٹر سلطان محمود نے گورننگ باڈی کو آئندہ سال ہونے والے الیکشن اور رابط عوام مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور اطمنان کا اظہار کیا کہ عام شہریوں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو کر بااثر سیاسی کارکن اور رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔ عوام کا پی ٹی آئی کی طرف غیر معمولی جھکائو اور پذیرائی عمران خان کے وژن کی فتح ہے۔اجلاس کو سیکرٹری جنرل عبدالماجد خان نے تنظیمی امور کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونین کونسل کی سطح کی زیادہ تر تنظیمیں مکمل ہوچکی ہیں اور بقیہ اگلے چند ہفتوں میں مکمل ہوجائیں گی۔ اجلاس میں سینئر نائب صدرچودھری ظفر انور،نائب صدر راجہ خورشید خان، نائب صدرچودھری اظہر صادق، جنرل سیکرٹری عبدلماجد خان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار مرتضٰی علی احمد،ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری مقبول احمد،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم بٹ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان, ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندر بیگ،سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔



