راولپنڈی : چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگانے پر چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانبداری کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ آئین اور قانون کے مطابق صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے بجائے چیف الیکشن کمشنر پریس کانفرنس کر کے وفاقی حکومت کی ترجمانی کررہے ہیں عمران خان کو کلین چٹ اور بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس جاری کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی ضلع راولپنڈی کے انفارمیشن سیکریٹری محمد شاھد نے پارٹی آفس سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ جعلی تبدیلی کے دعوے داروں کو گلگت بلتستان کے عوام نے مکمل طور پر مسترد کردیا ہے 15 نومبر کو گلگت بلتستان میں ہر طرف تیر چلے گا۔
