پاکستانی انڈسٹری کے پاس اچھی سٹوری ہوئی تو ضرورکام کروں گا
پاکستان کے قدرتی حسن سے بہت متاثر ہوں اور تاریخی یادگاروں کو بھی دیکھنا چاہوں گا

لاہور :ترک ڈرامے میں ارطغرل کا کردار نبھانے والے اداکارانگین التان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسراگھر ہے، یہاں آکر خوشی ہوئی۔ انگین التان ان دنوں پاکستان میں ہیں اور اپنے مداحوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان میں اچھے برادرانہ تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ میرے کردار کے باعث مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ میں پاکستانیوں کی محبت اور نیک خواہشات پر ان کا مشکورہوں۔ ترک اداکار نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا آخری نہیں بلکہ پہلا دورہ ہے، ارطغرل ڈرامہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی پہلوں سے بھر پور ہے۔ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈرامے کو پسند کیا۔ انگین التان نے کہا کہ میں اور میرے ساتھیوں نے بہت محنت کی تھی جس کا صلہ اب دیکھ رہا ہوں۔ اگر پاکستانی انڈسٹری کے پاس اچھی سٹوری ہوئی تو ضرور اس میں کردار ادا کروں گا۔ پاکستان کے قدرتی حسن سے بہت متاثر ہوں اور تاریخی یادگاروں کو بھی دیکھنا چاہوں گا۔


