محسن نقوی کی یورپی یونین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر سے اہم ملاقات


غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال
‎‎‎ پاکستان سے یورپ کے لیے (ڈنکی) کے ذریعے جانے کی کوششوں میں 47 فیصد کمی قابل ستائش ہے،میگنس برنر
1,770 انسانی سمگلرز اور ان کے ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہےغیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، محسن نقوی
سمگلرز، ڈرگ مافیا اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ ہر ملک کے لیے سنگین چیلنج اس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر قریبی تعاون ناگزیر ہے


‎برسلز:وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے برسلز میں یورپین یونین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپین کمشنر میگنس برنر نے گزشتہ ایک سال میں پاکستان سے یورپ کے لیے غیر قانونی راستوں (ڈنکی) کے ذریعے جانے کی کوششوں میں 47 فیصد کمی پر پاکستان حکومت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان کے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا جا سکے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی براہِ راست مشاورت کی جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں سال کے دوران پاکستان میں 1,770 انسانی سمگلرز اور ان کے ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے جو حکومتِ پاکستان کے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس مؤقف کا واضح ثبوت ہے۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا ۔ ملاقات میں معلومات کے تبادلے سمیت تمام ممکنہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان انسانی سمگلنگ اور انسدادِ منشیات کے خلاف عالمی سطح پر بھرپور قیادت کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمگلرز، ڈرگ مافیا اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ ہر ملک کے لیے سنگین چیلنج ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یورپی یونین مستقبل میں بھی غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مل کر کام کرتے رہیں گے۔