
دلیپ کمار اور کپور خاندان کے گھروں کی خریداری کا معاملہ گھٹائی میں پڑے گیاہے۔ محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے مکانات کی خریداری کے لئے رقم ڈپٹی کمشنرپشاور کے اکاوئنٹ میں منتقل کر دی گئی ہے لیکن مکانا ت کے موجودہ مالکان نے رقم کو انتہائی کم قرارد یتے ہوئے مکانات فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ماضی کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار اور کپور خاندان کے آبائی مکانات کی خریداری کیلئے محکمہ آثار قدیمہ کو فنڈز مل گئے ہیں جس کے بعد محکمہ آثار قدیمہ نے 2 کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار روپے ڈپٹی کمشنر کے اکانٹ میں منتقل کردیے۔دلیپ کمار کے چار مرلہ گھر کی خریداری کیلئے 80 لاکھ 56 ہزار جبکہ سوا 6 مرلے کپور حویلی کی خریداری کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب دلیپ کمار کے گھر کے مالک مکان کے وکیل گل رحمان مہمند نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت دلیپ کمار کا گھر خریدنا چاہتی ہے تو مارکیٹ ریٹ کے مطابق 35 کروڑ روپے ادا کرے۔
کپور حویلی کے مالک علی قادر نے کا کہنا تھا کہ وہ حکومتی قیمت کے خلاف عدالت جائیں گے، حویلی کی منفرد حیثیت ہے، اس لیے حکومت 2 ارب روپے قیمیت ادا کرے۔
ڈائرکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبد الصمد نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ حکومت نے دلیپ کمار اور کپور حویلی کو میوزیم بنانے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور حکومت دونوں گھروں کو محفوظ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آرکیالوجی گھروں کی خریداری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا اور مالکان حکومت کی خریداری سے متعلق پیشکش رد نہیں کر سکتے، مالکان سے صرف گھروں کی قیمتوں پر بات ہوسکتی ہے۔


