کپتان کی 26 سالہ سیاسی محنت کو کسی اور ڈگر پر لے جایا جارہا ہے،فیصل واڈا کے عمران پر وار جاری

کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے باغی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ عمران خان صاحب کو سمجھاتا رہا، کہ ان کی 26 سالہ سیاسی محنت کو کسی اور ڈگر پر لے جایا جارہا ہے۔
اپنے ٹویٹ پیغام میں انہوں نے لکھا کہ اپنے قائد عمران خان صاحب کو سمجھاتا رہا، کہ ان کی 26 سالہ سیاسی محنت کو دو خاص، تین سانپ اور کچھ کیڑے کسی اور ڈگر پر لے جارہے ہیں، جس سے ملک کو نقصان، پی ڈی ایم کو فائدہ اور اداروں سے محاذ آرائی ہوئی۔فیصل واوڈا نے مزید لکھا کہ ہم سمجھوتے کے بہت قریب تھے،،ان کے نام جلد سامنے لائوں گا۔
قبل ازیں اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے بیانیے کی آڑ میں سازش رچائی جا رہی ہے، انہیں لانگ مارچ میں خون ہی خون، موت ہی موت اور جنازے ہی جنازے نظر آ رہے ہیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر کچھ لوگ ہیں جو اس سازشی بیانیے کو مانتے ہیں، اگر کوئی چاہتا ہے کہ میں ارشد شریف کی موت پر سیاست کروں تو میں ایسا نہیں کر سکتا۔انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ صحافی ارشد شریف کو قتل کیا گیا اور اس کی سازش بھی پاکستان میں ہی تیار ہوئی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا، مجبور کیا کہ ملک سے چلے جائو، دبا ئوڈال کر دبئی سے نکلوانے کی بات بھی درست نہیں، نہ ہی ارشد شریف لندن گیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ انہوں نے ویڈیو بنا کر نام دے دیئے ہیں، انہیں کچھ ہوا تو وہ لوگ بھی نہیں بچ پائیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ کہا گیا ارشد شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے نکلوایا، یہ بالکل بے بنیاد ہے۔ ارشد شریف کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ پازیٹو تعلق تھا اور رابطے بحال تھے۔ وہ واپس پاکستان آنے کو بھی تیار تھے۔