5 سال قبل اغوا ہونے والے کینڈین خاندان کو پاک فوج نے بازیاب کروا لیا

پاک فوج نے 5 غیر ملکی یرغمالیوں کو بازیاب کرالیا ہے، ذرائع کے مطابق یرغمالیوں میں ایک کنیڈین،اس کی امریکی بیوی اور3 بچے شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے اعلامیےکے مطابق غیرملکی یرغمالیوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے بازیاب کرایا گیا ہے جبکہ ان کی بازیابی کے لیے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے ان غیر ملکیوںکو 2012 ء میں افغانستان سے اغواء کیا تھااور یرغمال بنا کر وہیں رکھا ہوا تھا ،امریکی خفیہ ادارےان یرغمالیوں کو تلاش کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی خفیہ اداروں نے 11اکتوبر 2017ء کو ان کی پاکستان منتقلی کی معلومات دیں جبکہ خیبرایجنسی بارڈر کے ذریعے یرغمالیوں کی پاکستان منتقلی کی اطلاع ملی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ امریکی حکام کی قابل عمل انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پاکستانی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا اور تمام یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا تاہم ان تمام بازیاب یرغمالیوں کو ان کے ملک واپس بھجوایا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آرکے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان دونوں ملکوں کی فورسز کے درمیان تعاون سے اس خطرے کے خلاف جنگ کا عزم کیے ہوئے ہے۔