تبدیلی سرکار سی ڈی اے کی کرپشن پر قابو نہیں پا سکی،جاوید انتظار


وزیراعظم کے مشیر برائے سی ڈی اے امور کی سی ڈی اے کرپشن پر خاموشی مجرمانہ طرز عمل ہے

اسلام آباد :سی ڈی اے کرپٹ ترین ادارہ ہے۔جب کرپشن کسی ادارے کے وجود میں سرایت کر جائے۔اس کا علاج نہیں پوسٹ مارٹم کیا جاتا ہے۔تبدیلی سرکار سی ڈی اے کی کرپشن پر قابو نہیں پا سکی. یہ بات چیئرمین آزاد عوام تحریک جاوید انتظار نے اپنے بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ جن سوسائٹیز اور ٹائونز کے اندر زمین کی رجسٹری اور انتقال ہوا۔سی ڈی اے نے ان کو غیر قانونی قرار دیا۔جبکہ رجسٹری اور انتقال کے دوران ڈی سی آفس کو نہیں روکا گیا. نہ ہی سی ڈی اے نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تعمیرات کو روکا۔اس وجہ سے آج وہاں لوگ بنیادی آئینی حقوق بجلی گیس اور پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔سی ڈے اے کی افسر شاہی ،سرمایہ داروں اور کرپٹ سیاسی مافیا نے مل کر عوام کی خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالا۔وزیراعظم نے عوام سے ٹیلی فونک رابطے میں ایک مہینے کے اندر مسائل کے حل کا عندیہ دیا تھا۔دو مہینے گزرنے کے بعد ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی سی ڈی اے اپنی آئینی اور قانونی حدود و قیود سے تجاوز کرکے عوام کیلئے وبال جان بن چکا ہے۔جاوید انتظار نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کی مختلف سیکٹرز میں انکوائریز کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔سرکاری کوارٹر ز کو سہولیات نہیں مل رہی۔حتی کہ دروازے کی کنڈی اور کھڑکی کا شیشہ تک نہیں ملتا سی ڈی اے کا سالانہ بجٹ 26ارب روپے ہے۔چار ارب روپے ملازمین کی تنخواہوں پر لگتا ہے۔باقی بجٹ میں سے آدھے سے زیادہ کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے۔ہم نے وزیر اعظم سے سی ڈی اے کی کرپشن کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔لیکن اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا سی ڈی اے کی کرپشن بے نقاب کرنے کے لیے ہوم ورک کر رہے ہیں۔جلد سی ڈی اے کرپشن کا وائٹ پیپر جاری کریں گے۔وزیراعظم کے مشیر برائے سی ڈی اے امور کی سی ڈی اے کرپشن پر خاموشی مجرمانہ طرز عمل ہے۔سی ڈی اے سے منسلک عوامی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔