پاک کوریا ہاکی سیریز، پہلا میچ پاکستان کے نام رہا

کوریا کو پہلے ٹیسٹ میں 1-3 سے شکست دی سفیان خان نے 2 جبکہ کپتان ابوبکر نے ایک گول کیا

اسلام آباد : پاکستان نے 20 سال بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے بین الاقوامی ہاکی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی۔ میچ کے ساتھ ہی ایک اور اہم پیش رفت یہ رہی کہ اس مقابلے کی تفصیلات پہلی مرتبہ ایف آئی ایچ کے ٹی ایم ایس (ٹورنامنٹ مینجمنٹ سسٹم) میں بھی شائع کی گئیں۔
میچ کے موقع پر بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی اور پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جون بھی موجود تھے۔
پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ 21 ویں منٹ میں محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی۔کوریا کی جانب سے ینگ جی ہان نے 29 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، لیکن ہاف ٹائم سے قبل 30 ویں منٹ میں محمود ابوبکر نے شاندار فیلڈ گول کر کے پاکستان کو دوبارہ برتری دلا دی۔
تیسرے کوارٹر میں 38 ویں منٹ پر محمد سفیان خان نے اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول اسکور کر کے قومی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔
میچ کے دوران پاکستان کے فارورڈ حنان شاہد ٹخنے کی معمولی انجری کا شکار ہوئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق انجری تشویشناک نوعیت کی نہیں اور توقع ہے کہ وہ ایک سے دو روز میں مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔ حنان شاہد یکم اگست کو کھیلے جانے والے سیریز کے اگلے میچ کے لیے بھی دستیاب ہونے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
میچ میں امپائرنگ کے فرائض ہارون رشید اور یاسر خورشید نے انجام دیے، جبکہ محمد جاوید ٹیکنیکل آفیسر رہے۔ وقاص احمد اور مرزا جاوید نے ججوں کے فرائض سرانجام دیے۔ اس موقع پر شفیق بھٹی (ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ)، فیض محمد فیضی (امپائر منیجر)، محمد وقاص شیخ (میڈیا کوآرڈینیٹر)، لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالناصر اخونزادہ (کیمپ کوآرڈینیٹر) اور نجیب خٹک (چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن) سمیت دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔