ایف آئی اے نے جی چودہ ون میں کرپشن کی تحقیقات شروع کر دیں


ہائوسنگ اتھارٹی کا عملہ اور افسران مقامی آبادی کو بلیک میل کر کے ان کے مکانات اونے پونے داموں بیان حلفی پر خرید رہے تھے


اسلام آباد:یف آئی اے اسلام آباد کے ریجنل ڈائریکٹر وقار چوہان نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی سیکٹر جی چودہ ون میں کروڑ وں روپے کی کرپشن کی باقا عدہ انکوائری کیلئے ایس ایچ او اینٹی کرپشن سیل انسپکٹر ملک ساجد اعوان کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے۔ جس نے ہاوسنگ اتھارٹی سے 30جون تک تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کی ڈائریکٹر لینڈ ڈاکٹر ستائش کے سر براہی میں ٹیم اس وقت سیکٹر جی چودہ ون، ٹو اور تھری میں مکانات کی اسسمنٹ کر کے متاثریں کو معاوضوں اور پلاٹس کی الاٹمنٹ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ،اس مقصد کے لئے ایک عارضی ملازم سرویئر محمد افضل خان کو پیمائش کی ذمہ داری سونپی گئی جس نے علاقے مکانات کی زائد پیمائش کر کے اور جعلی مکانات کو ادائیگیا ں کرو ا کر غریب الاٹیوں کو کروڑوں روپے کرپشن کی نظر کر دیئے گئے اس کے علاوہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے افسران اور اہلکاروں نے بڑے پیمانے پر اس علاقے میں مقامی آبادی کو بلیک میل کر کے انکے مکا نات اور پلاٹ اونے پونے خرید لئے اور اصل متا ثرین کو ان کے حق سے محروم کر دیا، ان شکایات پر علاقے کے ایک شہری کی درخواست پر ایف ائی اے کے ڈائریکٹر اسلام آباد زون وقار چوہان نے باقاعدہ انکوائری کی منظوری دے کر اس معاملے کے لئے ایس ایچ او اینٹی کرپشن سیل ملک ساجد اعوان کو انکوائری افس مقرر کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن سیل وحید الرحمان خٹک کی طرف سے جاری ہونے والے مراسلے میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کی انتظامیہ کو ہدایات کی گئی ہے کہ تمام ریکارڈ 30 جون تک ایف ائی اے اینٹی کرپشن سیل میں جمع کرو ا دیں، ایف ائی اے نے جو ریکارڈ ہاوسنگ اتھارٹی سے طلب کیا ہے اس میں جی چودہ ون، ٹو اور تھری کے تمام ایوارڈز اور قبض الوصول، شامل ہیں، اس کے علا وہ اربن ڈویژن لاہور کے جن نقشوں کو بنیاد بنا کر اسسمنٹ کی جا رہی ہے وہ تمام نقشہ جات بھی طلب کر لئے گئے، جن متاثرین کو ادائیگیاں کی گئی ہیں ان کے پتے، فون نمبرز بھی مانگ لئے گئے ہیں۔ ایف ائی اے نے جن اسسمنٹ پر فارماز کی بنیاد پر ادا ئیگیاں وہ تمام پر فارمہ کی تصدیق شدی کاپیاں بمعہ دستخط کرنے والے افسر کے نام کے طلب کی گئی ہیں۔تمام ادائیگیوں کے واوچرز بھی ایف ائی اے حکام نے ظلب کر لئے ہیں۔ اسی طرح سیکٹر جی چودہ ون،ٹو اور تھری کے جن متاثرین کو پلاٹ کے افر لیٹر جاری کئے گئے ہیں ان کا ریکارڈ بھی انکوائری کے لئے 30 جون تک طلب کیا گیا ہے۔