نادر ا نے جمعہ کو خواتین کیلئے مختص کر دیا گیا صرف ان کی رجسٹریشن ہوگی چیئرمین طارق ملک

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا ہے کہ 10 فیصد غیر رجسٹرڈ خواتین کا فرق ختم کرنے کیلئے نادرا ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لے رہا ہے، نادرا رجسٹریشن دفاتر میں جمعہ کو خواتین کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق ملک نے کہا کہ نادرا غلطیوں سے پاک و شفاف انتخابی فہرستوں بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔چیئرمین نادرا نے کہا کہ جمعہ کو مختص کردہ 258 نادرا دفاتر میں صرف خواتین کی رجسٹریشن کی جائے گی، خواتین کو رجسٹریشن میں پہلا شناختی کارڈ مفت فراہم کیا جائے گا، ملک بھر میں موجود 688 نادرا رجسٹریشن دفاتر میں خواتین کیلئے ون ونڈو کانٹر قائم کیے جائیں گے۔طارق ملک نے کہا کہ خواتین کی رجسٹریشن کیلئے نادرا موبائل رجسٹریشن وینز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔چیئرمین نادرا نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وینز کے ذریعے خواتین کو ان کی دہلیز پر رجسٹر کیا جائے گا۔