کورونا کی خوفناک صورتحال کے باوجود حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر پاکستان 30نمبر پر آ گیا

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) پاکستان ان ممالک کی فہرست میں 30ویں نمبر پر آگیا جہاں کورونا وبا کے پھیلا سے اب تک سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے 15 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔خوفناک صورتحال کے باوجود کوئی بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کیلئے تیار نہیں اور نہ ہی حکومت کے اقدامات سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ ملک میں اب تک 9 لاکھ 91 ہزار 727 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ بھارت میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد اور امریکا میں سب سے زیادہ یعنی 3 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ کیسز کی تعداد میں سب سے خطرناک بات کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی موجودگی ہے اور ایک مرتبہ پھر کووِڈ سے متعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کی اپیل کی۔ملک میں وائرس کی چوتھی لہر کے خدشے کے پیشِ نظر پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ ‘ذمہ دار شہری بنیں اور اپنے آپ کو اور دوسروں کو عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں’۔