پولیس کو دیکھتے ہی ڈرامہ شروع کردیا تھا حالانکہ اس سے قبل وہ نارمل تھا
قتل کی اطلاع پر ظاہر جعفر کے والد کا جواب تھا کہ شاید شراب زیادہ پی لی ہوگی، طاہر ظہور کی پریس کانفرنس
اسلام آباد:نورمقدم کیس میں تھراپی ورکس کے مالک طاہر ظہور نے کہا ہے کہ ظاہر جعفر پاگل نہیں، وہ شراب نوشی کا عادی تھا، ہفتہ کو اسلام آباد میں اپنے وکیل کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طاہر ظہور نے کہا کہ ظاہرجعفر جب 2013میں ان کے پاس آیا تب اسے کوئی بیماری نہیں تھی،اسے شراب نوشی کے مریض کے طور پر مجھے ریفر کیا گیا تھا، میں نے کہا شراب نوشی کی عادت ہے تو ظاہرجعفر کو اسپتال میں داخل کرایا جائے،طاہر ظہور نے کہا کہ تھراپی ورکس کرائم سین نہیں بلکہ ایک میڈیکل سین سمجھ کر گیا تھا، ہمیں انویسٹی گیشن آفیسر نے جھوٹ بول کر بیان لینے کے لیے بلایا،تھراپی ورکس کے پاس تمام کال ریکارڈ ہے،تھراپی ورکس کے مالک نے کہا کہ انہوں نے ظاہر جعفر کے والد ذاکرجعفر کو کال کرکے کہا کہ وہاں تو ڈیڈ باڈی پڑی ہوئی ہے جس پر ذاکرجعفر کا جواب تھا کہ شاید شراب زیادہ پی لی ہوگی اس لیے قتل ہوگیا،ذاکرجعفر کا ری ایکشن معمولی تھا،ایسی خبر اگر کسی والد کو بتائی جائے تو ٹانگیں کانپ جانی چاہئیں،ڈاکٹر طاہر ظہور کے وکیل محمد شہزاد قریشی نے کہا کہ تھراپی ورکس نے تمام بیان پولیس کو لکھ کر دے دیئے ہیں،پولیس نے کوئی ایکشن نہیں لیا،موقع سے 14ثبوت لیے گئے جو فرانزک کیلئے بھجوا دیے گئے ہیں،ہم نے کوئی ثبوت مٹانے کی کوشش نہیں کی جس کے الزامات لگ رہے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیس میں پولیس کا رویہ مثبت نہیں،پولیس کو دیکھتے ہی ظاہرجعفر نے ڈرامہ شروع کردیا تھا حالانکہ اس سے قبل وہ نارمل تھا۔



