سی پیک کے ذریعے وسطی ریاستوں کو جوڑنا چاہتے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری

دنیا افغانستان میں طالبان کے ساتھ معاہدہ کر کے چلتی ہے تو اس میں افغانستان اور دنیا کا فائدہ ہوگا

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقتصادی نظریے کے تحت ہم سی پیک کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے جوڑنا چاہتے ہیں۔پاکستانی وفد کے ہمراہ تاجکستان کے دورے پر موجود وفاقی وزیر اطلاعات نے دارالحکومت دوشنبے میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ ٹرانس مزار شریف ٹرین اور روڈ نیٹ ورک منصوبے کے تحت ہم گوادر اور کراچی کو مزار شریف کے راستے پہلے تاشقند اور اس کے بعد دوشنبے اور قازقستان سے ملانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام وسطی ایشیائی ریاستیں اس منصوبے کے تحت ٹرین اور سڑک سے منسلک ہو جائیں گی اور پورا منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا۔افغانستان میں انفرا اسٹرکچر کے مسئلے میں پاکستان کی مدد کے حوالے سے سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ‘ہمیں پوری امید ہے کہ افغانستان میں صورتحال بہتر ہوگی’۔ان کا کہنا تھا کہ قازقستان کے صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات میں بھی افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان یا تو استحکام کی طرف چلا جائے گا یا مکمل نقصان کی طرف جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا افغانستان میں طالبان
حکام کے ساتھ معاہدہ کر کے چلتی ہے تو اس میں افغانستان اور دنیا کا فائدہ ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم نے افغانستان کو موجودہ صورتحال میں راستے میں چھوڑ دیا تو اس سے مسائل پیدا ہوں گے۔