چینی کمپنیاں حکومتی محکموں اور ان کے کام کی رفتار سے مطمئن نہیں چیئرمین سی پیک اتھارٹی

چارج سنبھالا تو داسو واقعہ ہوچکا تھا پھر گوادر چائینز کام روک چکے تھے خالد منصور کا ایوان بالا کی کمیٹی میں اعتراف

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک اتھارٹی خالد منصور نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گوادر پورٹ پر کام سے مطمئن نہیں ہیں نا ہی چینی کمپنیاں حکومتی محکموں اور ان کے کام کی رفتارسے مطمئن ہیں۔خالد منصور نے کہا کہ جب چارج سنبھالا تو داسو کا واقعہ ہوچکا تھا، پھر گوادر کا واقعہ ہوا۔ چائنیز کام روک چکے تھے۔چیرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چینی سفیر نے انہیں بتایا ہے کہ گزشتہ 3 سال میں سی پیک پرکچھ نہیں ہوا، چینی رو رہے ہیں، گوادر میں جس طرح کام ہونا چاہیے نہیں ہورہا، وہ مجھے لکھ رہے ہیں، میں آئندہ اجلاس میں ان چائنیز کمپنیوں کو بلاوں گا اور آپ کو ان تمام چائنیز کمپنیوں کی فہرست دوں گا جو شکایتیں کررہی ہیں۔خالد منصور نے کہا کہ وہ چیئرمین کمیٹی کی بات سے اتفاق کرتے ہیں اور وہ خود گوادر پورٹ پر کام سے مطمئن نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ چینی کمپنیاں حکومتی محکموں اور ان کے کام کی رفتارسے مطمئن نہیں۔