کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع متعلقہ ادارے کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کے ایک نئے سلسلے کی نوید سنادی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کو شام یا رات سے پیر کی صبح تک اسلام آباد،مری، کشمیر، گلگت بلتستان،چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم ،وزیرستان، کوہاٹ، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصور میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
ڈیرہ اسما عیل خان، اوکاڑہ, ساہیوال،پاکپتن،ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور، ملتان، خانیوال اور بہاولنگر میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس دوران کوئٹہ، زیارت،بارکھان، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، نوکنڈی، دالبندین اور نوشکی میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشن گوئی کی ہے۔
ہفتہ اوراتوار کو مری، گلیات، ناران، کاغان، ہنزہ، گلگت، اسکردو، استور، چترال، دیر، سوات ،کوہستان،شانگلہ،بونیر،مانسہرہ، وادی نیلم، باغ، حویلی اورراولاکوٹ میں چند مقامات پر شدید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔
شدید برفباری کے باعث محکمہ سمیات نے مری، گلیات،نتھیا گلی، کاغان، ناران، دیر، سوات، چترال، استور، اسکردو، ہنزہ، گلگت، نیلم ویلی، باغ اور حویلی کے اضلاع میں سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ متعلقہ ادارے کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



