
کراچی (نیوز ڈیسک) ترکی کے شہر چناق قلعہ (anakkale) میں آبنائے داردانل پر قائم دنیا کا سب سے بڑا معلق پل (سسپنشن برج) استعمال کیلئے تیار ہے۔یہ پل یورپ اور ایشیا کوملاتاہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ترک حکام کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے، وزارت ٹرانسپورٹ کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ پل آپریشنز کیلئے تیار ہے، افتتاح کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تاخیر ہوئی بصورت دیگر یہ پل تین ماہ قبل افتتاح کیلئے تیار تھا۔ پل کی تیاری پر تقریبا 3 ارب ڈالرز خرچ ہوئے ہیں۔ 4.6کلومیٹر طویل چناق قلعہ 1915پل میں ایک ستون( پلر) سے دوسرے ستون تک کا فاصلہ 2023 میٹر ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا معلق پل ہے۔
یہ پل آبنائے داردنل کے دونوں کناروں کو جوڑتا ہے جس سے یہ یورپ اور ایشیا کو جوڑنے والا ایک اہم پل بن گیا ہے۔ پل کا تعمیراتی کام مارچ 2017 میں شروع ہوا تھا اور سرکاری سطح پر دیکھا جائے تو ویژن 2023 کے تحت اس پل کا افتتاح مارچ 2022 میں ہونا ہے۔
پل کی خاص بات یہ ہے کہ اس پل کے اہم حصے توپ کے گولوں کی طرز پر بنائے گئے ہیں، ایسا کرکے جنگ عظیم اول کی معروف جنگ بیٹل آف گیلی پولی کے شہدا کو خراج پیش کیا گیا ہے جبکہ پل کے ستونوں کے درمیان فاصلہ 2023میٹر رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ2023 میں جمہوریہ ترکی اپنے قیام کی 100ویں سالگرہ منائیگا۔


