کامسٹیک اور ایل آر بی ٹی کی ماہر امراض چشم کی ٹیم نے نائیجر میں آنکھوں کے 490 آپریشن کیے

اسلام آباد:کامسٹیک اور ایل آر بی ٹی کی ٹیم نیامی، نائیجر کا 8 روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ اس دورے کے دوران اس نے نیامی کے نیشنل ہسپتال میں آئی کیمپ اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ٹیم نے آنکھوں کے 490 آپریشن اور ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ تربیت حاصل کرنے کے بعد مقامی ڈاکٹروں نے 28 آپریشن کیے۔
لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ (ایل آر بی ٹی)، پاکستان کے ماہر امراض چشم کی سات رکنی ٹیم نے 31 جنوری سے 7 فروری 2022 تک نائجر کا دورہ کیا۔
اس دورے کا اہتمام کامسٹیک اور ایل آر بی ٹی نے اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون اور نائجر میں پاکستانی مشن کے تعاون سے کیا تھا۔ اس آئی کیمپ کے لیے تمام اشیائے ضروریہ اور ادویات پاکستان سے بھیجوائی گئی تھیں اور رہائش وزارت صحت، نائیجر نے فراہم کی تھی۔ کامسٹیک اور ایل آر بی ٹی ٹیم کا یہ دوسرا دورہ تھا۔ اس نے گزشتہ سال نومبر کے تیسرے ہفتے میں نیامی کا دورہ کیا اور موتیا کے 25آپریشن کیے تھے، تمام ناقص آلات کی سروس اور مرمت کی اور اسے اسکریننگ اور موتیا کی سرجری کے لیے دستیاب کرایا۔
نائجر کے حکام کامسٹیک ایل آر بی ٹی کی ٹیم کی کارکردگی سے انتہائی مطمئن ہیں اور موتیا کی سرجری کے لیے ماہرین امراض چشم کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی درخواست کر رہے ہیں۔ یہ دورے افریقہ کے لیے صحت اور اعلی تعلیم کے کامسٹیک کے پروگرام کا حصہ ہیں۔
لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ پاکستان کی سب سے بڑی این جی او ہے، جو اندھے پن سے لڑ رہی ہے اور زندگیوں کو بدل رہی ہے۔ کامسٹیک ایک او آئی سی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون ہے جس کا صدر دفتر اسلام آباد میں ہے جس کا مقصد مسلم دنیا میں سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے سائنسی اور تکنیکی تعاون کو بڑھانا ہے۔