آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیراہتمام آج 2جون کو راولپنڈی پریس کلب سے ریلی نکالی جائے گی
ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ اور دیگر راہنماؤں نے پورے ریجن کے کارکنوں سے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کر دی
…
راولپنڈی ( نیوزرپورٹر ) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف آئیسکو ملازمین آج 02 جون بروز منگل کو نیشنل پریس کلب لیاقت باغ کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور مری روڈ پر پرامن ریلی نکالیں گے۔ یونین کے ریجنل سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے تین بڑی بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں تیزی آنے کے بعد واپڈا ملازمین کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کی قیادت نے احتجاج اور مزاحمت کیلئے کارکنوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے کے تحت آج ملک بھر کی تمام بجلی کمپنیوں میں ریجنل ہیڈکوارٹرز پر بھرپور اتحاد اور احتجاج کے مظاہرے کیے جائیں گے۔
راولپنڈی میں آئیسکو ملازمین مرکزی ڈپٹی چیئرمین اور ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ اور دیگر عہدیداران کی قیادت میں صبح 10بجے پریس کلب لیاقت باغ سے مری روڈ پر بڑی ریلی نکالیں گے جس میں آئیسکو سرکل اٹک، جہلم، چکوال، راولپنڈی، اسلام آباد، جی ایس او، جی ایس سی، سٹور، پی ڈی کنسٹرکشن، ریونیو، ٹرانسپورٹ، ایم اینڈ ٹی اور دیگر تمام دفاتر سے زونل، ڈویژنل اور سب ڈویژنل عہدیداران کی قیادت میں سینکڑوں ملازمین شامل ہوں گے مظاہرین بجلی کمپنیوں کی نجکاری، ادارے میں سٹاف کی کمی اور دوران کار بڑھتے حادثات، نئی بھرتی اور کنٹریکٹ ملازمین ریگولر نہ کرنے، میٹر ریڈنگ اور لائن سٹاف کے بلاجواز تبادلوں اور ملازمین کو درپیش دیگر مسائل و مشکلات کیخلاف پرامن احتجاج کریں گے۔ دریں اثناء ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ڈپٹی چیئرمین نعیم محمود، سینئر وائس چیئرمین طارق نیازی، زونل چیئرمین قمر فاروق کلیامی، عامر سہیل، سردار زاہد، ملک حسنین، محمد صدیق، قاسم رضا جعفری، سردار وقار احمد، چوہدری محمد قاسم، گل نواز بنگش، سید راحت عباس اور دیگر قائدین نے ریجن بھر کے تمام عہدیداران اور کارکنوں کو لیاقت باغ پہنچنے اور نجکاری کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے.


