عامرلیاقت حسین کی قبرکشائی،6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا

سابق اہلیہ پوسٹ مارٹم کیخلاف اپیل دائرکرینگی


کراچی:محکمہ صحت سندھ کی جانب سے عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کیلئے 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
قبر کشائی سے متعلق جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 23 جون کو صبح 9 بجے عامر لیاقت کی قبر کشائی ہوگی۔ میڈیکل بورڈ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے، ایڈیشنل پولیس سرجن شاہد نظام،ایچ او ڈی فرانزک میڈیسن جناح پرویز مخدوم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔فرانزک ایکسپرٹ ڈاکٹر ہری رام، ڈاکٹر گلزار علی، ایم ایل او ڈاکٹر اریب بھی 6 رکنی میڈیکل ٹیم کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ 9 جون کو عامر لیاقت حسین کا کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں واقعے اپنے آبائی گھر میں اچانک انتقال ہوگیا تھا، ابتداتی معلومات کے مطابق ان کا انتقال گھر میں جنریٹر کا دھواں بھر جانے سے ہوا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق شہری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا تھا۔ دوسری جانب عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ بشری ٰ پوسٹ مارٹم کے حق میں نہیں انہوں نے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کے مداحوں سے رائے مانگی تھی۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں بشری اقبال نے کہا تھا کہ کیا آپ سب جو مرحوم عامر لیاقت کے فین اور چاہنے والے ہیں پوسٹ مارٹم کے طریقہ کار کے حق میں ہیں؟۔
منگل جون 21 کو عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ بشری جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت پہنچیں۔ سابق اہلیہ کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کی کاپی حاصل کی گئی۔ بشری عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کریں گی۔