دھونس ،دبائو، دھمکی اور لالچ کوئی چیز متاثرین کو مرغوب نہ کر سکی،ہائوسنگ اتھارٹی کے اہلکار حسب روایت ناکام واپس
اگر آپ اسی طرح فورس لے کر بار بار پیمائش کے لئے آتے رہے تو مجبوراًہمیں سختی کرنا پڑے گی ، کمیٹی ممبران کا موقف

اسلام آباد:ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے ایک بار پھر بائے فورس مکانات کی پیمائش کی کوشش اہلیان چھیلو نے ناکام بنادی۔ ہائوسنگ اتھارٹی کے پیمائش کے لئے آنے والے عملے پر واضح کر دیا گیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوجاتے آپ کو کسی صورت مکانات کی پیمائش کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
جمعرات کو ایک بار پھر ہائوسنگ اتھارٹی کے اہلکاروں نے پویس فورس کے ہمراہ چھیلو میں آکر پیمائش کرنے کی کوشش کی تو انہیں کہیں سے کوئی کامیابی نہ مل سکی۔اہلیان چھیلو نے ان پر واضح کیا کہ ہم کسی صورت پیمائش نہیں کروائیں گے۔
اس موقع پر کمیٹی ممبران اور عوام کی ایک بڑی تعداد اکٹھی ہو گئی اور ان پر واضح کیا کہ گزشتہ 17 سالوں سے آپ لوگوں کی زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب آپ لوگ چند باہر کے لوگوں کو نوازنے کیلئے ہمیں بے گھر کرنے پر تل گئے ہیں۔ جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
سنئیر ممبران کی عدم موجودگی میں جونئیر کمیٹی ممبران نے بھی اہلکاروں پر واضح کیا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے کسی صور ت آپ کو پیمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہمار سب سے پہلا مطالبہ یہ ہے کہ ہمارے گائوں کو نہ اٹھایاجائے ۔ آپ لوگوں نے ابھی تک گائوں کی زمینوں کی پیمنٹ بھی نہیں کی ہے۔ پھر آپ کس طرح پیمائش کر سکتے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں سے آپ ہمارا اور اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں آپ یہ بھول جائیں کہ ہمارے مطالبات کے تسلیم ہونے تک کوئی آپ کو پیمائش کرنے دے گا۔
ہمار مطالبہ ہے کہ ہمیں ہمارے آبائواجداد کی زمینوں اور مکانوں سے بے دخل نہ کیا جائے اور اگر یہ بہت ہی ناگزیر ہو تو ہمیں اسی سیکٹر میں پلاٹ دئیے جائیں پہلے ہمیں پلاٹ ڈویلپ کر کے ہمیں ان کا قبضہ دیا جائے تاکہ ہم وہاں گھر تعمیر کر سکیں گھر تعمیر کرنے کیلے کم از کم چھ ماہ کا وقت دیا جائے ۔پھر ہی ہم قبضہ آپ کو دینے کے قابل ہو سکیں گے ۔اس سے پہلے کسی صورت آپ کو پیمائش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس موقع پر کمیٹی ممبران آصف وسیم اور نائید اختر نے واضح کیا کہ اگر آپ اس طرح بار بار آکر ہمیں ڈسٹرب کرتے رہے تو ہماری طرف سے جواباًسخت روئیہ اپنایا جائے گا جس سے معاملات سلجھنے کی بجائے مزید الجھیں گے۔



