سابق صدر پرویز مشرف کے دست راست اور پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز چل بسے

نماز جنازہ بعد نماز مغرب سیکٹر ایف ایٹ ٹو اسلام آباد میں ادا کی گئی


اسلام آباد:سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طار ق عزیز انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے خاندانی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب سیکٹر ایف ایٹ ٹو اسلام آباد میں ادا کی گئی
یاد رہے کہ طارق عزیز جنرل پرویز مشرف کے دور صدارت میں ان کے پرنسپل سیکرٹری رہے اور ان کے دست راست تصور کئے جاتے تھے صدر مشرف ان کی مشاورت کے بغیر کوئی کام نہ کرتے تھے ۔کچھ عرصہ قبل وہ صدر مشرف کی عیادت کے لیے دبئی بھی گئے تھے۔
طارق عزیز سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ہم جماعت بھی تھے اور ان کے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی قریبی تعلقات تھے۔
اس کے علاوہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دور میں بھارت سے مذاکرت کے دوران بیک ڈور ڈپلومیسی میں بھی طارق عزیز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
اقتدار میں آنے کے بعد جب صدر مشرف نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو سائیڈ لائن کرنے کے لئے ایک جماعت کی ضرورت محسوس کی تو یہ طارق عزیز ہی تھے جنہوں نے چودھری شجاعت حسین کی ملاقات صدر مشرف سے کرائی تھی ۔
چودھری شجاعت کے میدان میں آنے کے بعد ہی مسلم لیگ ن میں دراڑ ڈلی تھی اور مشرف مسلم لیگ ق کی تشکیل اور اپنی مرضی کی جمہوری حکومت بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اور چودھری شجاعت حسین بھی ایک ماہ تک وزارت عظمی کا لطف اٹھا سکے تھے۔
یہ طارق عزیز اور چودھری برادارن ہی تھے جنہوں نے صدر پرویز مشرف کو وردی نہ اتارنے کا مشورہ دیا تھا۔