دیار غیر سے 23 برس بعد وطن لوٹنے والا اپنے اصلی وطن کو لوٹ گیا
یہ وہ "دیس” ہے جہاں سے بھائی جان کی واپسی تو ممکن نہیں لیکن ہمارا وہاں جانا یقینی ہے

مراد علی جنجوعہ
بلاشبہ میں کم وبیش 23 برس قبل اس پاک دھرتی پر اپنے دل میں کئی خواب لے کر بسلسلہ روزگار آیا تھا۔ شاید میرے کئی خواب پورے ہو گئے ہوں اور شاید کئی ادھورے بھی رہ گئے ہوں لیکن میرا دل اور ضمیر مطمئن ہے کہ اس عرصہ میں رزق حلال کما کر اپنے والدین، بہن بھائیوں اور بیوی بچوں کو کھلانے کی بھرپور کوشش کی۔ بلاشبہ میرا آخری خواب پورا نہ ہوا جو میں دل ہی دل میںلے کر جا رہا ہوں وہ یہ کہ میری خواہش تھی کہ اب جلد مستقل بنیادوں پر وطن لوٹ جائوں گا اور زندگی کے باقی ایام اپنوں بالخصوص اپنے پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں اور رشتہ داروں میں رہ کر گزاروں گا۔اس 23 سالہ عرصہ کے دوران جہاں مجھے اللہ پاک نے رزق حلال کمانے کی ہمت بخشی وہیں اللہ رب العزت نے مجھے کئی بار ارض مقدس میں اپنے گھر پر حاضری کا شرف بھی بخشا ۔یہ حاضری کبھی فرضی حج کی صورت میں نصیب ہوء تو کبھی لاتعداد بار عمرہ کی صورت میں نصیب ہوئی۔
بلاشبہ یہ دنیا فانی ہے۔ آج سے 58 برس قبل تو نے دنیا پر بھی بھیجاجہاں تیری بے شمار نعمتوں کی لذتیں نصیب ہوئیں وہاں کئی دنیاوی آزمائشوں اور تکالیف کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن تو نے صبر اور استقامت بخشی اور میں نے حتی الوسعی اپنے رشتہ داروں ، عزیزواقارب اور تیرے بندوں کے ساتھ نیک نیتی اور عاجزی کے ساتھ تمام رشتے ناطے نبھانے کی کوشش کی۔ چونکہ یہ دنیا آزمائش پر مبنی ایک تنگ نما گلی تھی جس سے گزرتے ہوئے کئی خطائیں بھی سرزد ہوئی ہوں گی۔ بس اسی دعا کے ساتھ تیرے پاس واپس آ رہا ہوں کہ میری جانے انجانے میں ہونے والی تمام لغزشیں، خطائیں اور کوتاہیاں معاف فرما دینا
اج تیرا بلاوہ آ گیا تو میں اس امید کے ساتھ حاضر ہوگیا کہ میں جس نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی ہوں اس امت کو بخشنے کا تیرا وعدہ ہے اور بلاشبہ تو اپنے وعدوں کو خوب نبھاتا ہے۔
23 برس قبل ایک بیگ اور چند سوٹ کپڑے لے کر دیار غیر جانے والا میرا محسن، میرا باپ، میرا بھائی ، میرا دوست، میرا جگری یار، میری جند جان آج اپنا تن چھپا کر ماں دھرتی پر لوٹا اور ہمارے پاس چند لمحات گزار کر اپنے "اصل دیس” سدھار گیا۔ یہ وہ "دیس” ہے جہاں سے بھائی جان کی واپسی تو ممکن نہیں لیکن ہمارا وہاں جانا یقینی ہے۔
اللہ حافظ میرا بھائی،انتظار کرنا جلد ملتے ہیں



