لاہور…نورالعارفین
کسٹمز انٹیلی جنس کے گودام سے موبائل فونز غائب ہونے کا معمہ حل نہ ہوسکا.
کسٹمز انٹیلی جنس کے گودام سے ایک کروڑ تیرہ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فونز غائب ہونےکا معمہ حل نہ ہوسکا،گودام انچارج انٹیلی جنس آفیسرعبدالحمید نے موبائل سی ایس ڈی سٹور کو بیچنے کا انکشاف کیا تھا جبکہ سی ایس ڈی انتظامیہ نے موبائل خریدنے کی تردید کردی۔ کسٹمز انٹیلی جنس نےتحقیقات شروع کرکے ملزمان کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں ۔علامہ اقبال ٹاؤن جہانزیب بلاک میں کسٹمز انٹیلی جنس کے گودام کی انسپیکشن کے دوران ایک ہزار سات سو تریسٹھ سمگل شدہ غیر ملکی ساختہ موبائل فونز غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ گودام کے انچارج عبدالحمیدنے تفتیشی ٹیم کو بیان دیا تھا کہ یہ موبائل فونز انہوں نے سی ایس ڈی سٹور انتظامیہ کو چودہ لاکھ اٹھاسی ہزارروپے میں فروخت کردیئے تھے۔کسٹمز انٹیلی جنس کی تفتیشی ٹیم نے سی ایس ڈی سٹور کے متعلقہ ذمہ داران کے بیانات قلمبند کرلئےہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سی ایس ڈی کے متعلقہ مینجر نے کسٹمز انٹیلی جنس سے ایک کروڑ تیرہ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فونز کی خریداری کی تردید کردی ہے۔سی ایس ڈی انتظامیہ کی تردید کے بعد موبائل فونز غائب ہونے کا معمہ مزید الجھ گیاہے۔


