معاہدے کے بعد پاکستانی درآمد کنندگان ڈالر کے علاوہ چینی کرنسی میں بھی ادائیگی کر سکیں گے
اس سے نہ صرف ڈالر پر دبائو کم ہوگا بلکہ اس کی قدر میں ہونے والے اضافے میں بھی کمی متوقع ہے

اسلام آباد:پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست چینی کرنسی میں تجارت کے حوالے سے اہم مفاہمت ہوگئی ہے۔ اس مفاہمت کے ساتھ ڈالر پر دبائو کم ہوگا اور آئے روز اس کی بڑھتی قدر کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پیپلز بینک آف چائنا نے رین مِن بی (آر ایم بی) جسے چینی یوآن بھی کہا جاتا ہے، میں تجارت کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ہیں
اسٹیٹ بینک کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور بینک آف چائنا کے گورنر یی گینگ نے دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست چینی کرنسی میں تجارت اور آر بی ایم میں کلیئرنگ کے انتظامات کئے جائیں گے۔
دونوں بینکوں کے درمیان معاہدے اور اس اقدام سے پاکستانی درآمد کنندگان ڈالر کے علاوہ چینی کرنسی میں بھی ادائیگی کرسکیں گے۔
چینی اور پاکستانی کاروباری اداروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان سرحد پار لین دین کیلئے آر ایم بی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔



