آسٹریلیا میں آسمان سے پانی کے ساتھ زندہ مچھلیوں کی بارش

قصبہ لجامانو کے مکین قبل ازیں 2010 میں بھی یہ منظر دیکھ چکے ہیں
گرنے والی زندہ مچھلیاں چھوٹے سائز کی تھیں جنہیں بچوں نے پکڑ کر پانی کے برتنوں میں ڈالا تو وہ تیرنی لگیں


لجامانو:غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے ایک دور دراز قصبے لجامانو میں بارش کے دوران آسمان سے مچھلیاں برس پڑیں، یہ غیر معمولی نظارہ دیکھ کر رہائشی دنگ رہ گئے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ حیرت انگیز مناظر آسٹریلیا کے جنوب مغرب میں صحرائے تنامی کے شمالی کنارے پر واقع قصبے لجامانو میں دیکھے گئے۔
گائوں کے بزرگوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں، رپورٹس میں بتایا گیا کہ 2010 میں بھی اس قصبے میں آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہوئی تھی۔
لجامانو کے کونسلر نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ دنوں ایک بڑا طوفان بستی کی طرف بڑھتا ہوا دیکھا گیا، مقامی لوگوں کا خیال تھا کہ موسلادھار بارش ہوگی لیکن جب بارش شروع ہوئی تو مقامی لوگوں نے آسمان سے پانی کے ساتھ مچھلیاں گرتی بھی دیکھیں۔انہوں نے بتایا کہ آسمان سے گرنے والی زندہ مچھلیاں چھوٹے سائز کی تھیں جنہیں مقامی بچوں نے پکڑ کر پانی کے برتن میں ڈالا تو وہ تیرنے لگیں
ماہرین موسمیات کے مطابق ایسے واقعات بڑے پیمانے پر آنے والے طوفانوں کی وجہ سے ہو سکتے ہیں جو دریائوں سے پانی اور مچھلیوں یا دیگر چھوٹے آبی جانداروں کو اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اور پھر آسمان سے یہ جاندار ہوا کے ذریعے گرتے ہیں۔کچھ افراد نے ایسی غیر معمولی بارش کو عجوبے کے ساتھ ساتھ خدا کی ایک نعمت بھی قرار دیا ہے۔
۔۔۔۔