ہلال ِاحمر کی سیلاب متاثرین کیلئے خدمات قابل ِ تعریف ہیں، شیخ سعود عبدالرحمان التھانی

اسلام آباد:ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمان التھانی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات، انسانیت کی خدمت کیلئے تعاون بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمان التھانی نے سردار شاہد احمد لغاری کو سفارتخانہ آمد پر خوش آمدید کہا۔
شیخ سعود عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مثالی ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔برادرانہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے دونوں اطراف سے ہمیشہ مثبت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ قطر چیئریٹی کے زیرِ اہتمام دنیا بھر میں انسانی خدمت کے اداروں کی مدد کی جاتی ہے۔ اِس حوالے سے پاکستان ہمارے لیے اہم ترین برادر ملک ہے۔
ملاقات کے دوران سردار شاہد احمد لغاری نے حالیہ سیلاب کے بعد ہلالِ احمرکی جانب سے ریسکیو، ریلیف، بحالی و تعمیر نو سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی۔ شیخ سعود عبدالرحمان التھانی نے ہلالِ احمر پاکستان کی قدرتی آفات و سانحات اور بالخصوص حالیہ سیلاب متاثرین کیلئے خدمات کو سراہا اور اِس امر کی یقین دہانی کرائی کہ ہلالِ احمر پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گاتاکہ انسانیت کی خدمت میں کوئی کمی نہ آئے۔ انہوں نے ہلالِ احمرپاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے بحالی و تعمیر ِ نو فیز میں ہزاروں گھرانوں کیلئے تعاون کا بھی عندیہ دیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے قطری سفیر شیخ سعود عبدالرحمان کو ہلالِ احمر پاکستان کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔



