
ٹورنٹو ایئر پورٹ پر تیل بھرنے والی گاڑی لاہور آ نے والی پی آئی اے کی پرواز کے انجن سے ٹکرا گئی، پی آئی اے کے مطابق پرواز کی روانگی میں 16گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے ۔
ترجمان پی آئی اےمشہود تاجور کے مطابق ٹورنٹو ایئر پورٹ پر تیل بھرنے والی گاڑی پی آئی اے کی پرواز PK798 کے انجن سے تیل کی فراہمی کے دوران ٹکرائی، پرواز نے ٹورنٹو سے لاہور آنا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گاڑی ٹکرانے سے طیارے کو نقصان پہنچا اور اسے ضروری مرمت کے لئے ہینگر میں پہنچا دیا گیا ہے۔
پرواز کی روانگی میں 16گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے جس کے باعث تمام مسافروں کو ہوٹل میں رہائش فراہم کر دی گئی ہے۔ اب ٹورنٹو سے پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 9 بجے روانہ ہو گی۔
گاڑی ٹکرانے کے واقعہ کے متعلق ٹورنٹو ایئر پورٹ پر پی آئی اے کو سروس فراہم کرنی والی کمپنی کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اس واقعہ کے متعلق مقامی کمپنی سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اےمشہود تاجور کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اس زحمت اور تاخیر پر مسافروں سے معذرت خواہ ہے ۔



