
ہرارے: دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لئے بالعموم اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ شائقین کے لئے یہ خبر کسی دھماکے سے کم نہیں کہ تین بار کی عالمی چیمپئین ویسٹ انڈیز ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے بھی کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔ ہرارے میں کھیلے گئے کوالیفائینگ رائونڈ کے سپر سکس مرحلے میں اسکاٹ لینڈ نے
تین بار ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ 2023 میں شرکت کی دوڑ سے باہر کردیا۔اسکاٹ لینڈ نے 185 رنز کا ہدف 43.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر میتھیو کراس ناقابلِ شکست 74 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔ برینڈن مک مولین 69، جورج میونسے 18 رنز بنا کر آٹ ہوئے جبکہ کرسٹوفر مک برائڈ کھاتا کھولنے میں ناکام رہے۔ کپتان رچی بیرنگٹن 13 رنز بنا کر ناٹ آٹ پویلین لوٹے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین، روماریو شیفرڈ اور جیسن ہولڈر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اسکاٹ لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز 44 ویں اوور میں 181 رنز بنا کر آٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 45، روماریو شیفرڈ 36، برینڈن کنگ 22، نکلس پورن 21، کپتان شائی ہوپ 13، کیون سنکلیئر 10، الزاری جوزف 6، جونسن چارلس اور شامار بروکس 0،0 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ عقیل حسین 6 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے برینڈن مک میولن نے 3، کرس سول، میٹ واٹ، کرس گرِیوز نے 2،2 اور سفیان شریف نے 1 وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ کسی زمانے میں دنیائے کرکٹ پر ویسٹ انڈیز کی حکمرانی تھی اسے کالی آندھی کے نام سے یاد کیا جاتا تھا اس کے فاسٹ بولر دنیا بھر کے بیٹسمینوں کے لئے تباہ کن تھے جبکہ اس کے بیٹسمینوں کو بالنگ کرنے سے دنیا کے بڑے بڑے بولر گھبراتے تھے۔یہ ٹیم ماضی میں دو ورلڈ کپ اپنے نام کر چکی جبکہ تیسرے کے فائنل میں بھارت سے شکست کھا گئی تھی۔

