اسلام آباد میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، بارش کا بھی امکان

پنجاب کے مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کا خدشہ، انتظامیہ ہائی الرٹ


اسلام آباد:محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا۔ تاہم بعض مقامات پر بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، آزاد کشمیر، خطہ پوٹھوہار، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاالدین ،سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ ، سر گودھا، خوشاب، میانوالی ، مری ، گلیات میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔اس کے علاوہ پشاور، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، بالاکوٹ، مالاکنڈ، مردان ، صوابی ، سوات، دیر، کوہستان اور گر دو نواح میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
دوسری طرف پنجاب کے مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کا خدشہ ہے جس کے لئے انتظامیہ ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں اگلے 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے جبکہ دریائے ستلج میں سلیمانکی اور اسلام ہیڈ کے مقام پر سیلابی صورتحال ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث سیالکوٹ اور نارووال کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ منگلا ڈیم 86 اور تربیلا ڈیم 88 فیصد پانی سے بھر چکے ہیں جبکہ راولپنڈی کے نالہ لئی میں اگلے 24 گھنٹوں میں طغیانی کے امکانات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ندی نالوں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ کو نالے کے راستے سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔سیلابی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان نے مزید کہا کہ دریا اور ندی نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کیا جائے۔ ندی نالوں کے کنارے بستیوں کے مکین بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔