ہائوسنگ اتھارٹی ایک مافیا کی شکل اختیار کر چکی ،ظالمانہ آپریشن کی مذمت کرتے ہیں ، عامر مغل


اسلام اباد :تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عامر مغل نے گزشتہ روز فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاوسنگ اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ کے G.14/1 کے گاوں ڈھوک کھوکھراں، ڈھوک قریشیاں، پنڈپراچہ میں مقامی مالکان کے خلاف اپریشن میں عورتوں، بوڑھوں بچوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج اور مکانات کو بلڈوز کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔ عامر مغل نے کہا کہ مالکان کا حق ہے کہ انہیں ان کے جائز حقوق مثلا ہر شادی شدہ فیملی کو متبادل پلاٹ اور بلٹ اپ پراپرٹی کا موجودہ وقت کے مطابق معاوضہ دئیے بغیر بیدخل نہ کیا جائے۔ ہائوسنگ اتھارٹی ایک مافیا کی شکل اختیار کر چکی ہے اور چند مقامی کالی بھیڑوں سے ملکر مالکان کی جدی ابائی زمینوں پر بغیر معقول معاوضے کے قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ عامر مغل نے نگران وزیراعظم اور نگران وزیرداخلہ سے مطالبہ کیا کہ اس ظالمانہ اپریشن کے ذمہ داروں کو فوری طور پر نوکری سے ڈسمس کیا جائے زخمی عورتوں ، بچوں ، بوڑھوں اور جوانوں کا سرکاری خرچ پرعلاج کیا جائے۔ مالکان کو ان کے جائز حقوق دیکر ان کی زمینوں کا قبضہ لیا جائے۔