پاکستان کی پہلے ون ڈے میں افغانستان کو ریکارڈ ساز شکست

بیٹرز کی اوسط کارکردگی کا بھرم بولرز نے رکھ لیا ، شاندار فتح پر سرحد پار بھی پاکستانی بولرز کے چرچے
حارث روئف کی پانچ وکٹیں ،امام الحق کی شاندار ففٹی نے پاکستان کی فتح میںکلیدی کردار ادا کیا

ہمبنٹوٹا:پاکستان نے سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں کم اسکو ر کے باوجود افغانستان کو ریکارڈ ساز شکست دے دی ہے۔ حارث رئوف کی پانچ وکٹوں اور امام الحق کی شاندار ففٹی نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں 201 کا کم حدف ہونے کے باوجود قومی ٹیم نے افغانستان کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے ریکارڈ ساز شکست دے دی۔
سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی کپتان کا یہ فیصلہ راس نہ آیا اور پوری ٹیم47 اوور میں 201 رنزبناکر آٹ ہوگئی۔202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور ان کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرگئیں۔افغانستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر آٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے حارث رف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے اننگ کا آغاز کیا تو اوپنر فخر زمان چار گیندوں پر دو رنز بناکر پویلین لوٹے، فخر زمان کی وکٹ فضل الحق فاروقی نے حاصل کی، اس کے بعد کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمن کا شکار ہوئے۔رضوان نے 21، آغا سلمان نے7، اسامہ میر نے 2 اور شاہین آفریدی نے بھی 2 رنز بنائے۔ امام الحق نے کافی دیر تک مقابلہ کیا اور 61 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ شاداب خان 39 اور افتخار احمد 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے 2،2 اور رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز پاکستانی بالرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور ان کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرگئیں۔افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے، انہیں حارث رف نے اپنا شکار بنایا جب کہ عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ان دونوں کے علاوہ کوئی افغان بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رف نے 5 کھلاڑیوں کو آٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
حارث رف کو شاندار بالنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
کم اسکور کے اس میچ میںکئی ریکارڈ بھی بنے،تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان ٹیم افغانستان کے خلاف آل آٹ ہوئی تھی، 6 ٹی ٹوئنٹی اور 4 ون ڈے میچز کے بعد پہلی بار افغانستان پاکستان کو آل آئوٹ کرنے میں کامیاب ہوا ۔اس سے قبل افغانستان نے اس سال ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آوٹ کیے تھے، ون ڈے میں اس سے قبل افغانستان پاکستان کی زیادہ سے زیادہ 8 وکٹ لے سکا تھا۔
دوسری جانب ون ڈے میں افغانستان کے 59 رنز پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور بھی ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم 1986 میں پاکستان کیخلاف 64 رنز پر آٹ ہوئی تھی۔
افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد بھارت میں بھی پاکستانی بولرز کے چرچے ہونے لگے ہیں۔پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی پر بھارت کے نامور اسپورٹس اینکر وکرانت گپتا بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے لکھا کہ ‘پاکستان کے پاس ایسا وکٹ لینے والا فاسٹ بولنگ اٹیک ہے جو نئی گیند کے ساتھ ساتھ، آخری اوورز میں بھی وکٹیں لیتا ہے’۔انہوں نے ساتھ ہی پاکستانی اسپنرز کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس وکٹ لینے والے اسپنرز بھی ہوں تو آپ بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو درمیان کے اوورز میں پارٹنرشپ نہیں بنانے دیتے۔واضح رہے کہ وکرانت گپتا کئی بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھی خراج تحسین پیش کرچکے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا میچ 24 اگست کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے فتح ٹیم پاکستان کو پھر سے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔