سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں بھی شکست ،پاکستان نے سیریز جیت لی

مشکل وقت میں 48 رنز کی اننگ کھیلنے پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ، افتخار کے سست کھیل نے بھی پاکستان پر دبائو بڑھایا

ہمبنٹوٹا:پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے ہرا کر سیریزجیت لی ۔آخری اور میں گیارہ رنز بنا کر پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا۔ شاداب خان کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔پاکستان کی جانب سے امام الحق 91 اور بابر اعظم 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز کے 151 رنز بھی ان کی ٹیم کے کام نہ آسکے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ایک روزہ بین الااقومی میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی، نسیم شاہ نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں افغان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لئے 301 رنز کا ہدف دیا جسے قومی ٹیم نے آخری اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور افغان اوپنرز نے پاکستانی بالرز کا جم کر مقابلہ کیا۔افغان ٹیم کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 151 گیندوں پر 151 رنز بنا کر ٹیم کو بڑا سکور میں مدد فراہم کی ، ان کی اننگ میں 14 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔دیگر افغان بیٹرز میں ابراہیم زردان نے 80، محمد نبی نے 29 اور حشمت اللہ شاہدی نے 15 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ میزبان ٹیم کی جانب سے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے گئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔جواب میں پاکستانی ٹیم نے 301 رنز کا ہدف آخری اوورر کی پانچویں گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر کے افغان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 91 رنز کی بہترین اننگ کھیلی جبکہ کپتان بابر اعظم نے 53 رنز بنائے۔دیگر بیٹرز میں شاداب خان نے 48 ، فخر زمان نے 30، افتخار احمد نے 17 اور نسیم شاہ نے ناقابل شکست 10 رنز کی اننگ کھیلی۔
افغان ٹیم کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے 3 اور محمد نبی نے دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔
شاداب خان کو ایک مشکل وقت میں 48 رنز کی اننگ کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس دوسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی قومی ٹیم کو تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 0-2 کی واضح برتری حاصل ہوگئی ہے۔