نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم پرعالمی برادری باالخصوص اسلامی ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے،ملک ابرارحسین

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر،معروف ماہر تعلیم و سماجی شخصیت ملک ابرار حسین کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بیان

اسلام آباد:آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر،معروف ماہر تعلیم و سماجی شخصیت ملک ابرار حسین نے کہا ہے فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی مظالم پرعالمی برادری باالخصوص اسلامی ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے،قبلہ اول کی آزادی اور مظلوموں کی مدد کے لیے اسلامی ممالک ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور اپنے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے فلسطین کی عملی مدد کریں۔ کھوکھلے نعروں اور مذمتی بیانات سے مسلمان بھائیوں کے زخم نہیں بھرسکتے اس کے لیے اسلامی بلاک اپنے تمام وسائل بروئے کارلائے۔
اپنے بیان میں ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ اسرائیل طاقت کے نشے میں بدمست ہوکر نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہاہے دوسری جانب عالم اسلام اپنے تمام تر وسائل کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہاہے جو انتہائی شرمناک ہونے کے ساتھ ساتھ خود اپنے ہی عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ اس کے امتحان کا وقت آچکاہے۔ پاک فوج جس کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتاہے اس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہ اپنا فعال کردار اد اکرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی عملی مدد کرے۔انہوں نے کہاکہ عالمی دنیا قراردادوں سے آگے نکلے اور دنیا کے سب سے قدیم مسئلہ فلسطین کو حل کرائے۔ غزہ کی ناکہ بندی سے تنگ آکر حماس نے اپنی کوشش کی ہے جس پر ہم حماس کے مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے تو اپنا کام کردیاہے قدم بڑھا دیا ہے، اب باقی اسلامی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ ان کی اس محنت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ان کی قربانیوں کودیکھتے ہوئے اپنا قدم بڑھائیں اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنا اپنا کرداراداکریں۔
ملک ابرار حسین نے اقوام متحدہ کو بھی حدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ خود اپنی قراردادوں پر عمل کرانے میں ہمیشہ ناکام رہی ہے، مسئلہ کشمیر ہو یا مسئلہ فلسطین یواین او ہمیشہ اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے عالم اسلام متحدہوجائے اور اپنے بھائیوں کی عمل مدد کرے۔