بچوں سمیت واقع کے متعدد عینی گواہان موجود ہیں، پولیس

ہیوسٹن:امریکی پولیس نے پاکستانی نژاد امریکی ماہرِ امراض اطفال ڈاکٹر طلعت خان کے قتل کے الزام میں میلز جوزف فریڈرچ نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے متعدد عینی گواہان موجود ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ڈاکٹر طلعت کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔
پولیس نے 24 سالہ میلز جوزف فریڈرچ کو فرسٹ ڈگری قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کی جانب سے اس خدشے کا بھی اظہار کیا جارہا ہے کہ یہ نفرت پر مبنی جرم ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا علاقے میں واقع مسجد الانصار اسلامک سینٹر نے مقتولہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دیگر اراکین کو بھی ارد گرد کے حالات سے چوکس اور باخبر رہنے کی تلقین کی ہے۔الانصار اسلامک سینٹر کا کہنا ہے کہ وہ نمازِ جمعہ اور دیگر پروگراموں کے لیے اضافی سیکیورٹی پر غور کر رہے ہیں۔
پاکستانی نژاد امریکی ماہر امراض اطفال ڈاکٹر طلعت خان رواں سال جولائی میں ٹیکساس منتقل ہوئی تھیں، ان کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے سندھ میڈیکل کالج سے 1998 میں ایم بی بی ایس مکمل کیا اور 2008 میں امریکا میں پریکٹس شروع کی۔
گزشتہ ہفتے کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر کونرو میں 52 سالہ پاکستانی نژاد امریکی ماہرِ امراضِ اطفال ڈاکٹر طلعت خان کو دن دہاڑے ان کے گھر کے باہر ایک شخص نے تلوار کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ کونرو مونٹگمری کانٹی ہیوسٹن سے تقریبا 40 میل (64 کلو میٹر) شمال میں واقع ہے۔



