اہم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امریکا پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا، جوبائیڈن کا وزیر اعظم کو خط

امریکی صدر کے خط نے تحریک انصاف کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے جس میں وہ توقع کر رہے تھے کہ امریکی دھاندلی زدہ حکومت کو تسلیم نہ کرے

اسلام آباد:امریکی صدر جوبائیڈن نے نومنتخب پاکستانی وزیراعظم میاں شہباز شریف کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے نومنتخب حکومت کے لئے نیک تمناں کا اظہارکرتے ہوئے اہم چیلینجز میں پاکستان کے ساتھ مل کر چلنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس خط سے تحریک انصاف کی امیدوں کو سخت دھچکا لگا ہے جو امریکہ سے توقع کر رہے تھے اور اس کے لئے کوششیں بھی کر رہے تھے کہ امریکہ پاکستان کی نومنتخب حکومت کے ساتھ تعاون نہ کرے کیونکہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے۔
وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے، خط کے متن میں امریکی صدر نے کہا اہم چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔خط میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے، امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے۔
امریکی صدر نے خط میں کہا کہ پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔خط میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کو خط میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔
اس خط سے تحریک انصاف کی ان کوششوں کو سخت دھچکا لگا ہے جس میں وہ امریکہ سے آس لگائے بیٹھی تھی کہ وہ پاکستان میں دھاندلی کے ذریعے برسراقتدار آنے والی حکومت سے تعاون نہ کرے۔