ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ سونامی الرٹ جاری،پچیس سال میں آنے والا شدید ترین زلزلہ ہے

تائی پے: تائیوان میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے زمین لرز اٹھی، متعدد عمارتیں گرنے کی وجہ سے سات افراد ہلاک اور سینکٹروں زخمی ہوگئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ سونامی الرٹ جاری کردیا گیاہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے جھٹکے چینی صوبے فوجیان میں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز ہوالین سے تقریبا 18 کلو میٹر جنوب اور تائی پے سے 138 کلو میٹر دور سمندر تھا، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح تقریبا 8 بجے آیا، جھٹکے جاپان، شنگھائی، سوزو، شینزین، گوانگ زو اور شانتو میں بھی محسوس کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں، چار افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے عمارتوں کے ملبے تلے دبنے کی وجہ سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، زلزلے کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تائیوان کے حکام نے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی، ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں جبکہ ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
یہ 25 سال میں سب سے شدید زلزلہ ہے۔ یاد رہے کہ ستمبر 1999 میں تائیوان میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں جزیرے کی تاریخ کی سب سے مہلک قدرتی آفت میں لگ بھگ 2 ہزار 400 افراد ہلاک ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تائیوان میں زلزلے سے 7 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، 77 افراد ملبے تلے دبے ہیں۔ زلزے کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
7 اعشاریہ 7 شدت زلزلے کے بعد جاپان اور تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کیا گیا تاہم بعد میں تائیوان میں جاری کی گئی تمام سونامی وارننگز واپس لے لی گئیں۔
زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کا مرکز ساحلی علاقے ہوالین کے قریب تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15.5 کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد چین اور جاپان نے تائیوان کو امداد کی پیشکش کی ہے۔
7 اعشاریہ 7 شدت کا زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا، جس کے بعد سمندر میں 3 میٹر لہریں بلند ہوئی ہیں۔
جاپان ایئر لائنز کے مطابق سونامی کی وارننگ والے علاقوں کی جانب سے پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ 25 سال بعد تائیوان میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ ہے۔
تائیوان میں 1999 میں آئے 7.6 شدت کے زلزلے میں 2400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔



