پاکستانی فیملی جن کے دل دائیں جانب ہیں


سندھ کے علاقہ قمبر شہداد کوٹ کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کا دل دائیں جانب ہے
ماہرین کے مطابق ہر سو میں سے ایک فرد کا دل دائیں جانب ہو سکتا ہے لیکن ایک ہی خاندان میں سب کا دائیں جانب ہونا نئی بات ہے


کراچی: انسانی جسم میں دل بائیں جانب ہوتا ہے لیکن پاکستان میں ایک خاندان ایسا بھی ہے جن کا دل بائیں کی بجائے دائیں جانب ہے ۔جی ہاں سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں رہائش پذیر کسان خدا بخش سیلرو کے خاندان میں حیران کن طور پر 6 افراد کا دل بائیں کی بجائے دائیں جانب ہے۔خدا بخش کے خاندان میں موجود دائیں طرف دل رکھنے والے تمام افراد ہی صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔ ان 6 افراد میں 53 سالہ خدابخش، ان کی اہلیہ، 2 جوان بیٹے، ایک 22 سالہ بیٹی اور 1 چھ ماہ کا پوتا شامل ہیں۔
خدا بخش کے بڑے بیٹے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہمیں اس بارے میں پہلے معلوم نہیں تھا کہ دیگر لوگوں کی طرح ہمارا دل بائیں جانب نہیں ہیں ، پھر ایک دن ہوا یوں کہ والدہ کی طبعیت خراب ہوئی تو ہم انہیں اسپتال لے گئے جہاں ہمیں معلوم ہوا کہ ان کا دل دائیں جانب ہے۔
ماہرینِ صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی آبادی کے 1 فیصد لوگ دائیں جانب دل رکھنے والے ہوتے ہیں تاہم ایک ہی فیملی کے 6 افراد کا دائیں جانب دل ہونا نئی بات ہے۔
واضح رہے کہ کسان خدا بخش اپنی فیملی کا نام اب گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کی خواہش رکھتے ہیں اور پر امید ہیں کہ جلد ان کے اہلخانہ کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہو جائے گا ۔