311.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کار ی میں صرف چین کا حصہ نصف کے قریب ہے

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)مسلم لیگ ن کی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد گزشتہ ماہ مارچ میں پاکستان کی معیشت میں چینی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ چین نے 153.9ملین ڈالر کی خالص براہ راست سرمایہ کاری کی ہے ۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان(ایس بی پی )کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی معیشت میں چین کی سرمایہ کاری میں مارچ 2024 کے دوران اضافہ ہوا، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی) میں 161.2 ملین ڈالر کی نمایاں آمد ہوئی ہے تاہم 7.3 ملین ڈالر کے اخراج کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی آمد 153.9 ملین ڈالر پر مستحکم ہوئی۔
گوادر پرو کے مطابق مارچ 2024 میں پاکستان نے متعدد شراکت دار ممالک سے 311.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کار ی حاصل کی۔ اس میں سے چین نے 153.9 ملین ڈالر کا اہم حصہ ڈالا، جو کل ایف ڈی آئی کا 49.46 فیصد ہے۔
گوادر پرو کے مطابق ہانگ کانگ نے اسی مدت کے دوران 29.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی. دیگر قابل ذکر سرمایہ کاروں میں 29.3 ملین ڈالر کے ساتھ امریکہ، 25.9 ملین ڈالر کے سا تھ برطانیہ اور 9.3 ملین ڈالر کے ساتھ سنگاپور شامل ہیں ۔گوادر پرو کے مطابق مالی سال-24 2023 کے پہلے نو ماہ میں پاکستان کو اب تک تمام شراکت دار ممالک سے 1.264 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں جبکہ چین سے 261.9 ملین ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔



