ہیومینٹیرین سیکٹر میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد(نیوزرپورٹر ) انڈونیشیا سفارت خانہ کے قونصلر ”رحمت ہندیارتہ کوسوما“ کا دورہ ہلال احمر پاکستان، چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری سے ملاقات،خون کے عطیات،ہیومینٹیرین سیکٹر میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمت ہندیارتہ کوسوما نے ہلال احمر لائبریری سمیت مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔
ملاقات میں سردار شاہد احمد لغاری نے قدرتی آفات و سانحات میں ہلال احمر کی خدمات سے متعلق بتایا۔اِس موقع پر چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغار ی نے انڈونیشیئن سفارتخانہ کے قونصلر محترم ”رحمت ہندیارتہ کوسوما“کو سیلاب زدہ علاقوں میں جاری سرگرمیوں سے متعلق بھی تفصیلی آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ میری قیادت میں ہلال احمر پاکستان نے انسانی خدمت کا دائرہ کار بڑھایا اور ہر متاثرہ فرد کی مدد کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا سفارتی حلقوں کے ساتھ روابط کا فروغ ہلال احمر پاکستان کے لئے نیک شگون ثابت ہورہے ہیں۔ہلال احمر پاکستان نے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا اور آج بھی متاثرہ علاقوں میں ریکوری پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے ہلال احمر کی سرگرمیوں اور مستقبل کے اقدامات پر مبنی بروشر بھی پیش کیا۔ قونصلر محترم ”رحمت ہندیارتہ کوسوما“نے ہلالِ احمر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ہلال احمر پاکستان نئی جہت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل ہلال احمر عبید اللہ خان کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے قونصلر محترم ”رحمت ہندیارتہ کوسوما“ نے اس عہد کی تجدید کی کہ ہیومنٹیرین سیکٹر میں ہلال احمر پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔دونوں اداروں کے مابین تعاون پر مبنی تعلقات کو بھی مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
قونصلر ”رحمت ہندیارتہ کوسوما“ کو ہلال احمر کی سرگرمیوں اور مستقبل کے اقدامات پر مبنی بروشر بھی پیش کیا گیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے انڈو نیشیا کے تعاون اورباالخصوص سفارتخانہ میں خون کے عطیات کے لئے باقاعدگی سے کیمپ کے انعقاد کو گرانقدر قرار دیا۔ قونصلر محترم ”رحمت ہندیارتہ کوسوما“نے لائبریری کا دورہ کیا اور وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔


