چین کی مختصر مدت میں تیز رفتار ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، وزیراعظم


بیجنگ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی مختصرمدت میں تیز رفتار ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔وزیراعظم نے پاک چائنہ فرینڈ شپ اینڈ بزنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے، چین اپنے نوجوانوں، صحت اور تعلیم پر سرمایہ کاری کررہا ہے، آج دنیا چین کے بغیر ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پاکستان کو کاروبار دوست ملک بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، چینی مصنوعات کی دنیا بھر میں مانگ ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین بھائی چارے اور دوستی کی مثال کہیں نہیں ملتی، پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی ہے، پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال اور ہر آزمائش پر پوری اتری۔انکا کہنا تھا کہ میں نے 1981 میں پہلی بار چین کا دورہ کیا تھا، پاکستان اور چین کی دوستی ہر موقع پر ثابت ہوئی ہے، چین نے قلیل عرصے میں ترقی کی منازل طے کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ چین نے مہنگی گاڑیاں نہیں خریدیں، تعلیم اور ٹیکنالوجی پر توجہ دی، چین کی مختصرمدت میں تیز رفتار ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2024 میں چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت اور فوجی طاقت ہے، چین میں سینٹر لائزڈ پلاننگ سسٹم ہے، پاکستان چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہا ہے، چین کی پیداواری صلاحیت دنیا بھر میں مشہور ہے۔
وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران کئی ایک معاہدوں اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی کئی ایک یاداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
ایک ملاقات کے دوران چائینیز بنک کے چئیرمین نے وزیراعظم شہبازشریف کو پاکستان سپیڈکا نام دے دیا ہے۔ قبل ازیں انہیں چین کی جانب سے شہباز سپیڈ اور پنجاب سپیڈ کے خطاب مل چکے ہیں۔