محسن نقوی کا چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر سے رابطہ، انسداد ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم
اسلام آباد :وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں موسم برسات کی آمد کے باعث ڈینگی کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا اور ڈینگی سے نمٹنے کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی نشیبی علاقوں سے جلد نکاسی یقینی بنائی جائے اور انسداد ڈینگی کے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔ انسداد ڈینگی اقدامات میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ وفاقی وزیر نے انسداد ڈینگی پلان کی تمام سرگرمیوں کو باقاعدگی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر کے تمام ہسپتالوں اور لیبارٹریز سے ڈینگی کیسسز کیحوالے سے ڈیٹا جمع کرنے کیا جائے اور تمام لیبز اور پرائیویٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ رکھا جائے۔ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو انسداد ڈینگی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے باونڈری ایریاز میں انسداد ڈینگی ورکنگ گروپ قائم کیا جا رہا ہے اور رواں سیزن کے دوران اسلام آباد اورراولپنڈی انتظامیہ انسداد ڈینگی کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریگی۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں اب تک ڈینگی کے9کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


