چین میں طوفانی بارشیں اور سیلاب، پل گرنے سے 11 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

پل گرنے سے 20 گاڑیاں اور ان میں سوار 30 افراد پانی میں بہہ گئے جو تاحال لاپتہ ہیں

بیجنگ: چین میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے پل گرنے سے گیارہ افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ چین کے صوبے شانزی میں پیش آیا جہاں جمعے کی رات کو اچانک تیز بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث دریا پر بنا پل گرگیا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔مقامی حکام کے مطابق پل گرنے کے بعد اب تک 20 گاڑیاں نہیں مل سکیں جبکہ 30 افراد بھی اب تک لاپتہ ہیں، ہلاک 11 افراد کی لاشیں 5 مختلف گاڑیوں سے ملیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی اور وسطی چین کے بہت سے علاقے ان دنوں شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں جس سے کافی نقصان ہوا ہے، گزشتہ روزباوجی شہر میں بھی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال اور مٹی کے تودے گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 8 لاپتا ہو گئے تھے۔
بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے اور حکومت کی جانب سے عوام کو بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔